ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / بی جے پی جیسی پارٹی کو اپنے لیڈروں پر بھروسہ نہیں: گجرات کانگریس 

بی جے پی جیسی پارٹی کو اپنے لیڈروں پر بھروسہ نہیں: گجرات کانگریس 

Sun, 10 Mar 2019 03:00:00  SO Admin   S.O. News Service

احمد آباد :09 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)گجرات میں اپوزیشن کانگریس کے ریاستی یونٹ کے سربراہ امت چاوڑ ا نے ہفتہ کو کہا کہ بی جے پی اپنے رہنماؤں پر اعتماد نہیں کرتی، اس لیے کانگریس کے توسط سے لیڈروں کو پارٹی میں شامل کرا رہی ہے۔ چاوڈا، جواہر چاوڈا کو ہفتہ کو وجے روپانی کابینہ میں شامل کرائے جانے پر رد عمل کا اظہار کر رہے تھے۔ ایک دن قبل ہی چاوڑا کانگریس اور اسمبلی کی رکنیت چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ چار بار کے ممبر اسمبلی جواہر چاوڈا جونا گڑھ ضلع کی ماناودر اسمبلی سیٹ کی نمائندگی کرتے تھے۔ انہیں دیگر پسماندہ طبقات کا ایک متاثر کن رہنما سمجھا جاتا ہے۔ چاوڑا نے اسمبلی سے اپنا استعفیٰ جمعہ کو سونپا ۔ کانگریس صوبائی یونٹ کے سربراہ امت چاوڈا نے کہا کہ بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات میں شکست نظر آرہی ہے۔ اسے اپنے کارکنوں پر یقین نہیں ہے اور موزوں قیادت کی کمی ہے، اسی وجہ سے بی جے پی کانگریس لیڈروں کو پارٹی میں شامل کرنے کے لئے لالچ اور دھمکیوں کا استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کارکن اپنی پوری زندگی پارٹی کے لئے لگا دیتے ہیں لیکن انہیں کوئی اہمیت حاصل نہیں ہوتی ۔ صرف الیکشن جیتنے کے لیے بی جے پی ونر کانگریس امیدواروں کو لے جاتی ہے اور انہیں وزیر بنا دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گجرات کے لوگ ان کے ’مینڈیٹ‘ کی توہین کا کرارا جواب دیں گے۔ چاوڑا نے دعویٰ کیا کہ کچھ رہنماؤں کے حکمراں پارٹی میں شمولیت سے کانگریس کا حوصلہ کم نہیں ہوگا اور کانگریس کارکن عوامی حقوق کے لئے لڑتے رہیں گے۔ گجرات کے گورنر او پی کوہلی نے جواہر چاوڈا کے علاوہ جام نگر مغرب سے ممبر اسمبلی دھرمیندر سنگھ جڈیجہ اور ودودرا ضلع کی ماجل پورسے بی جے پی ممبر اسمبلی یوگیش پٹیل کو بھی عہدے کا حلف دلا یا ہے ۔ 


Share: